ازدواجی حقوق اور طلاق کے اسباب

پہلا خطبہ:

تمام تعریفیں اللہ کے لئے ہیں جس نے انسانوں اور زمین سے پیدا ہونے والی ہر چیز  کے جوڑے بنائے نیز ان کے بھی جوڑے بنائے جن کے بارے میں انسان لا علم ہے، اللہ تعالی نے اپنی اور دوسروں کی اصلاح کا حکم دیا اور فساد سے روکتے ہوئے فرمایا:

وَأَصْلِحْ وَلَا تَتَّبِعْ سَبِيلَ الْمُفْسِدِينَ

الاعراف – 142

 اصلاح کرو اور فسادیوں کے راستے پر مت چلو۔

اللہ تبارک و تعالی نے لوگوں کے لئے مصلحتوں و فوائد کے حصول اور مفاسد و نقصانات سے بچانے کی غرض سے شرعی احکامات جاری کیے، میں اپنے رب کی حمد و شکر بجا لاتا ہوں اور توبہ و استغفار کرتا ہوں، نیز گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ یکتا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں وہ تمام جہانوں سے مستغنی ہے، اور یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ ہمارے نبی  جناب محمد  ﷺ اللہ کے بندے اور اس کے صادق و امین رسول ہیں ، یا اللہ! اپنے بندے، اور رسول محمد  ، ان کی آل اور صحابہ کرام پر درود  و سلام اور برکتیں نازل فرما۔

حمد و صلاۃ کے بعد:

خلوت و جلوت میں تقوی الہی اختیار کرو؛ کیونکہ ہر کسی کو زندگی یا موت کے بعد تقوی  سے ہی کامرانی ملے گی اور خواہش پرستی  سے  ہی لوگ ناکام و نا مراد  ہوں گے۔

لوگوں!

اپنی تخلیق کے ابتدائی مراحل یاد کرو کہ اللہ تعالی نے اتنے مرد و زن ایک جان سے پیدا فرمائے، اور اس کا جوڑا بھی بنایا، فرمانِ باری تعالی ہے:

يَا أَيُّهَا النَّاسُ اتَّقُوا رَبَّكُمُ الَّذِي خَلَقَكُمْ مِنْ نَفْسٍ وَاحِدَةٍ وَخَلَقَ مِنْهَا زَوْجَهَا وَبَثَّ مِنْهُمَا رِجَالًا كَثِيرًا وَنِسَاءً وَاتَّقُوا اللَّهَ الَّذِي تَسَاءَلُونَ بِهِ وَالْأَرْحَامَ إِنَّ اللَّهَ كَانَ عَلَيْكُمْ رَقِيبًا

النساء – 1

لوگوں! اپنے اس پروردگار سے ڈرتے رہو جس نے تمہیں ایک جان  سے پیدا کیا پھر اسی سے اس کا جوڑا بنایا پھر ان دونوں سے [دنیا میں] بہت سے مرد  اور عورتیں پھیلا دیں ۔ نیز اس اللہ سے ڈرو جس کا واسطہ دے کر تم ایک دوسرے سے اپنا حق مانگتے ہو اور قریبی   رشتوں کے معاملہ میں بھی اللہ سے ڈرتے رہو ، بلاشبہ اللہ تم پر ہر وقت نظر رکھے ہوئے ہے

اسی طرح فرمایا:

هُوَ الَّذِي خَلَقَكُمْ مِنْ نَفْسٍ وَاحِدَةٍ وَجَعَلَ مِنْهَا زَوْجَهَا لِيَسْكُنَ إِلَيْهَا

الاعراف – 189

 وہی تو ہے جس نے تمہیں ایک جان سے پیدا کیا اور اس سے اس کی بیوی بنائی تاکہ اس کے ہاں سکون حاصل کرے۔

اس کے بعد اللہ تعالی کا نظام اور شریعت یہ ہے کہ ایک مرد اور عورت شرعی عقدِ نکاح کے ذریعے ایک بندھن میں بندھ جائیں، تا کہ فطری اور انسانی ضروریات ازدواجی تعلقات کے ذریعے نکاح کی صورت میں پوری کریں اور بد کاری سے بچیں۔

چنانچہ نکاح  عفت، برکت، افزائش، پاکیزگی، عنایت، قلبی صحت، اور نیک اولاد کی صورت میں لمبی عمر کا راستہ ہے،  جبکہ بد کاری اور زنا  خباثت، قلبی امراض، مرد و زن کے لئے تباہی، گناہوں، آفتوں، بے برکتی، اور نسل کُشی کا راستہ ہے۔

ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ اسرا و معراج کی رات نبی ﷺ نے جو عجائب دیکھے تھے انہیں بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں: “پھر آپ ﷺ ایسی قوم کے پاس سے گزرے جن کے سروں کو پتھر سے کچلا جا رہا ہے، چنانچہ جب بھی سر کچلا جاتا  وہ پھر سے بعینہٖ اپنی اصل حالت میں آ جاتا، اور ان کے عذاب میں معمولی سی بھی کمی نہیں کی جا رہی تھی، تو آپ ﷺ نے پوچھا: جبریل ! یہ کون ہیں؟

تو جبریل نے جواب دیا: ان کے سر فرض نمازوں  سے بوجھل ہوتے تھے۔

پھر آپ ایسے لوگوں کے پاس سے گزرے جن کی اگلی اور پچھلی شرمگاہوں پر چیتھڑے لٹکے ہوئے تھے، وہ اونٹوں اور جانوروں کی طرح چر رہے تھے،  کانٹے دار گھاس ، تھوہر ، جہنم کے انگارے اور پتھر کھا رہے تھے۔

آپ ﷺ نے پوچھا یہ کون ہیں؟

تو جبریل نے جوا ب دیا کہ: یہ اپنے مالوں کی زکاۃ نہیں دیتے تھے، حالانکہ اللہ تعالی نے  ان پر کسی قسم کی کمی نہیں کی تھی۔

پھر آپ ﷺ ایسے لوگوں کے پاس آئے جن کے سامنے ہانڈی میں بالکل تیار شدہ گوشت موجود ہے اور ایک دوسری گندی ہانڈی میں کچا گوشت ہے، تو وہ بالکل تیار شدہ اور اچھا گوشت چھوڑ کر گندی ہانڈی والا گوشت تناول کرتے۔

آپ ﷺ نے پوچھا : جبریل یہ کون ہیں؟

تو جبریل نے جواب دیا کہ: یہ آپ کی امت کے وہ لوگ ہیں جن کے پاس اپنی بیوی ہونے کے با وجود بازاری خواتین کے ساتھ پوری رات گزارتے  اور وہ خواتین ہیں جن کے اپنے خاوند ہونے کے باوجود بازاری مردوں  کیساتھ پوری رات گزارتی ہیں” اسے ابن جریر نے اپنی تفسیر میں روایت کیا ہے۔

اسی طرح سعد بن سنان خدری رضی اللہ عنہ کی ﷺ سے روایت کردہ حديثِ اسرا و معراج میں ہے  کہ آپ نے فرمایا: پھر کچھ ہی دیر گزری تھی کہ میں چند ہانڈیوں کے پاس سے گزرا جس میں گوشت کی بوٹیاں تھیں لیکن اس کے قریب کوئی بھی نہیں جاتا تھا، جبکہ دوسری طرف مزید ہانڈیاں تھیں جن میں بد بو دار اور سڑا ہوا گوشت تھا اسے لوگ کھا رہے تھے، میں نے کہا:

جبریل یہ کون ہیں؟

تو جبریل نے جواب دیا کہ: یہ آپ کی امت کے وہ لوگ ہیں جو حلال ترک کر کے حرام کا ارتکاب کرتے تھے۔

آپ ﷺ نے فرمایا پھر کچھ دیر گزری تو میں ایک ایسی قوم کے پاس سے گزرا جن کے پیٹ مکانوں کی طرح تھے، جیسے ہی کھڑے ہونے کی کوشش کرتے ؛ گر جا تے اور کہتے: “پروردگار! ابھی قیامت قائم مت کرنا”  آپ ﷺ فرماتے ہیں کہ: وہ آل فرعون کی گزر گاہ میں پڑے ہوں گے، چنانچہ وہ انہیں  اپنے قدموں تلے روندتے ہوئے چلے جائیں گے، آپ ﷺ فرماتے ہیں میں نے ان کی آہ و بکا بھی سنی، تو میں نے کہا:

جبریل ! یہ کون ہیں؟

تو جبریل نے بتلایا کہ: یہ آپ کی امت کے سود  خور ہیں، جن کے بارے میں فرمایا:

اَلَّذِينَ يَأْكُلُونَ الرِّبَا لَا يَقُومُونَ إِلَّا كَمَا يَقُومُ الَّذِي يَتَخَبَّطُهُ الشَّيْطَانُ مِنَ الْمَسِّ

البقرة – 275

 جو لوگ سود کھاتے ہیں  وہ یوں کھڑے ہوں گے جیسے شیطان نے کسی شخص کو چھو کر اسے خبطی بنا دیا ہو۔

اس روایت کو بیہقی نے دلائل النبوۃ میں نقل کیا ہے۔

ازدواجی زندگی  ایسا گھر ہے جو اولاد کی پرورش، دیکھ بھال، اور تعلیم و تربیت  کا اہتمام کرتا ہے، والد کی شفقت اور ممتا  کی محبت ایسی نسلیں تیار کرتی ہے جو زندگی کے بار اٹھانے کی صلاحیت رکھے، معاشرے کے لئے مفید ثابت ہوں، معاشرے کو ہر میدان میں تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کرے، نئی نسل کی اعلی اخلاقی اقدار کی جانب رہنمائی کرتی ہے اور مذموم صفات سے دور رکھتی ہے، نیز اخروی دائمی زندگی کے لئے نیکیاں کرنے کی تربیت دیتی ہے، چنانچہ چھوٹے بچے انہیں دیکھ  کر یا سن کر سیکھتے ہیں؛ کیونکہ وہ خود سے پڑھ کر سبق حاصل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

شادی کا بندھن ایک عظیم  تر معاہدہ ، مضبوط ترین  رشتہ اور ٹھوس ناتا ہے، فرمانِ باری تعالی ہے:

وَإِنْ أَرَدْتُمُ اسْتِبْدَالَ زَوْجٍ مَكَانَ زَوْجٍ وَآتَيْتُمْ إِحْدَاهُنَّ قِنْطَارًا فَلَا تَأْخُذُوا مِنْهُ شَيْئًا أَتَأْخُذُونَهُ بُهْتَانًا وَإِثْمًا مُبِينًا[ 20] وَكَيْفَ تَأْخُذُونَهُ وَقَدْ أَفْضَى بَعْضُكُمْ إِلَى بَعْضٍ وَأَخَذْنَ مِنْكُمْ مِيثَاقًا غَلِيظًا

النساء – 20/21

اور اگر تم ایک بیوی کی جگہ دوسری بیوی لانا چاہو اور تم نے اسے خواہ ڈھیر سا مال دیا ہو تو اس میں سے کچھ بھی واپس  نہ لو ، کیا تم اس پر بہتان لگا کر اور صریح گناہ کے مرتکب ہو کر اس سے مال لینا چاہتے ہو۔ اور تم لے بھی کیسے سکتے ہو جبکہ تم ایک دوسرے سے لطف اندوز  ہو چکے ہو اور وہ تم سے پختہ عہد لے چکی ہیں۔

 مفسرین کہتے ہیں کہ اس سے مراد شادی کا بندھن ہی ہے۔

اس بندھن کیساتھ  میاں  بیوی کی مصلحتیں اور فوائد منسلک ہیں،  بچوں  کی مصلحتیں اور فوائد منسلک ہیں، میاں بیوی کے اقربا کی مصلحتیں اور فوائد منسلک ہیں، پورے معاشرے کی مصلحتیں اور فوائد منسلک ہیں، دنیا و آخرت کی اتنی مصلحتیں اور فوائد منسلک ہیں جنہیں شمار کرنا ممکن ہی نہیں ، چنانچہ اس بندھن کو توڑنا، اس معاہدے کو ختم کرنا ، اور ازدواجی زندگی  کو طلاق سے برخاست کرنا مذکورہ تمام فوائد  و مصلحتوں کو رائیگاں کرتا ہے، اس کی وجہ سے خاوند کو  بہت ہی زیادہ آزمائش سے گزرنا پڑتا ہے جس سے دین، دنیا، اور صحت سب متاثر ہوتی ہیں، دوسری جانب بیوی کو خاوند سے کہیں زیادہ آزمائش کا سامنا کرنا پڑتا ہے، چنانچہ عورت اپنی زندگی پہلے کی طرح استوار نہیں کر پاتی جبکہ  بقیہ زندگی ندامت کے سپرد ہوتی ہے، اور آج کل کے دور میں تو خصوصی طور پر پریشانی ہوتی ہے کیونکہ حالات عورت کے لئے سازگار نہیں ہوتے، بچے اجڑ جاتے ہیں، انہیں بھی سنگین ترین حالات سے گزرنا پڑتا ہے جو کہ والدین کی سائے میں گزاری ہوئی گذشتہ زندگی سے بالکل الگ تھلگ ہوتے ہیں،  لہذا انہیں زندگی میں رنگ بھرنے والی تمام خوشیوں کا دامن چھوڑنا پڑتا ہے، نیز ان سنگین حالات میں ان کے سروں پر ہمہ قسم کے انحراف  اور امراض میں مبتلا ہونے کے خطرات منڈلا رہے ہوتے ہیں، پورا معاشرہ بھی طلاق کے بعد رونما ہونے والے نقصانات سے متاثر ہوتا ہے، چنانچہ قطع رحمی مستحکم ہوتی ہے، بلکہ طلاق کے جتنے بھی مفاسد شمار کیے جائیں وہ حقیقت میں تھوڑے ہی ہوں گے۔

 تاہم طلاق کے عمومی اور خصوصی مفاسد  و نقصانات کا  اندازہ لگانے کے لئے جابر رضی اللہ عنہ کی اس حدیث پر غور کریں کہ نبی  ﷺ نے فرمایا: (ابلیس اپنا تخت پانی پر لگا کر اپنے چیلوں کو بھیجتا ہے ؛ اور اس کے نزدیک مرتبے کے اعتبار سے وہی مقرب ہوتا ہے جو سب سے بڑا فتنہ ڈالے  ، چنانچہ ان میں سے ایک آ کر کہتا ہے کہ : “میں نے یہ کیا اور وہ کیا۔۔۔” تو شیطان اسے کہتا ہے کہ : “تو نے کوئی کارنامہ سر انجام نہیں دیا ” پھر ان میں سے ایک اور آ کر کہتا ہے کہ : “میں نے  فلاں  کا پیچھا اس وقت تک نہیں چھوڑا جب تک اس کے اور اس کی بیوی کے درمیان جدائی نہ ڈلوا دی ” شیطان اسے اپنے قریب کر کے کہتا ہے: “ہاں !تو ہے کارنامہ سر انجام دینے والا” پھر وہ اسے گلے لگا لیتا ہے) مسلم

بہت سے لوگوں نے طلاق کو معمولی سمجھ لیا ہے، جس کی وجہ سے وہ خود تو سنگین امور سمیت بہت سے نقصانات میں مبتلا ہوئے ہی تھے دوسروں کو بھی اس بھنور میں پھنسا دیتے ہیں۔

آج کل معمولی وجوہات  اور غلط فہمی کی بنا پر طلاق کی شرح بہت بڑھ چکی ہے، بلکہ طلاق کے اسباب میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، ان میں سب سے اہم سبب  طلاق کے شرعی احکام سے جہالت  اور کتاب و سنت کی تعلیمات سے رو گردانی ہے، حالانکہ شریعتِ اسلامیہ  نے شادی کے بندھن کو  مکمل تحفظ اور  اہمیت دی ہے کہ مبادا یہ بندھن ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہ ہو، ہوس پرستی کی اندھیریوں  سے متزلزل نہ ہو۔

چونکہ طلاق کا سبب خاوند یا بیوی میں سے کوئی ایک یا دونوں میں سے کسی کے رشتہ دار ہو سکتے ہیں اس لیے شریعت نے ہر صورت حال سے نمٹنے کا الگ حل پیش کیا ہے، چنانچہ اللہ تعالی نے قرآن مجید میں خاوند کو اس بندھن کی قدر کرنے کا حکم دیا اور فرمایا:

 وَلَا تُمْسِكُوهُنَّ ضِرَارًا لِتَعْتَدُوا وَمَنْ يَفْعَلْ ذَلِكَ فَقَدْ ظَلَمَ نَفْسَهُ وَلَا تَتَّخِذُوا آيَاتِ اللَّهِ هُزُوًا

البقرۃ – 231

 اور بیویوں کو تکلیف پہنچانے کی غرض سے ظلم اور زیادتی کے لیے نہ روکو جو شخص ایسا کرے اس نے اپنی جان پر ظلم کیا تم اللہ کے احکام کو ہنسی کھیل نہ  بناؤ۔

اسی طرح فرمایا:

 وَلَهُنَّ مِثْلُ الَّذِي عَلَيْهِنَّ بِالْمَعْرُوفِ وَلِلرِّجَالِ عَلَيْهِنَّ دَرَجَةٌ

البقرۃ – 228

 نیز عورتوں کے بھی مناسب طور پر مردوں پر حقوق ہیں جیسے  کہ مردوں کے عورتوں پر ہیں ، اور مردوں کو عورتوں پر ایک درجہ فوقیت حاصل ہے۔

مفسرین کہتے ہیں کہ: بیوی کا حسن معاشرت  سے متعلق خاوند پر اتنا ہی حق ہے جتنا خاوند کا بیوی پر ہے، البتہ خاوند کو بیوی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

اور خاوند کو چاہے کہ اپنی بیوی  کیساتھ حسن سلوک، حسن معاشرت سے پیش آئے اور اگر کوئی بات بری بھی لگے تو صبر کرے عین ممکن ہے کہ حالات بہتر سے بہترین ہو جائیں ، یا انہیں اللہ تعالی نیک اولاد سے نوازے اور خاوند کو صبر کرنے پر اللہ تعالی کی طرف سے اجر بھی ملے، فرمانِ باری تعالی ہے:

 وَعَاشِرُوهُنَّ بِالْمَعْرُوفِ فَإِنْ كَرِهْتُمُوهُنَّ فَعَسَى أَنْ تَكْرَهُوا شَيْئًا وَيَجْعَلَ اللَّهُ فِيهِ خَيْرًا كَثِيرًا

النساء – 19

 اور ان کے ساتھ بھلے طریقے سے  زندگی بسر کرو ، اگر وہ تمہیں ناپسند ہوں تو ہو سکتا ہے کہ کوئی چیز تمہیں ناگوار ہو مگر اللہ نے اس میں بہت  بھلائی رکھ دی ہو۔

میاں بیوی کو اپنے اختلافات شروع میں ہی ختم کر دینے چاہییں مبادا مزید مت بڑھیں، میاں بیوی ایک دوسرے کو سمجھیں اور پھر ایک دوسرے کی پسند اور نا پسند کا بھر پور خیال کریں، یہ کام بہت ہی آسان ہے سب اس سے واقف ہیں۔ شادی کے بندھن کو قائم رکھنے کے لئے سمجھ دار لوگ میاں بیوی کے مابین صلح کروائیں اور طرفین کے حقوق کی ادائیگی یقینی بنائیں، چنانچہ فرمانِ باری تعالی ہے:

وَإِنْ خِفْتُمْ شِقَاقَ بَيْنِهِمَا فَابْعَثُوا حَكَمًا مِنْ أَهْلِهِ وَحَكَمًا مِنْ أَهْلِهَا إِنْ يُرِيدَا إِصْلَاحًا يُوَفِّقِ اللَّهُ بَيْنَهُمَا إِنَّ اللَّهَ كَانَ عَلِيمًا خَبِيرًا

النساء – 35

 اور اگر تمہیں زوجین کے باہمی  تعلقات بگڑ جانے کا خدشہ ہو تو ایک ثالث مرد کے خاندان سے اور ایک عورت کے خاندان سے مقرر کر لو ، اگر وہ دونوں  صلح چاہتے ہوں تو اللہ تعالیٰ ان میں موافقت پیدا کر دے گا، اللہ تعالیٰ یقیناً سب کچھ جاننے والا اور باخبر ہے۔

صبر اور در گزر بھی ازدواجی زندگی کے دوام اور خوشحالی کا سبب ہے، چنانچہ ایسے میں صبر کا کڑوا گھونٹ  لمبے عرصے کی مٹھاس کا باعث بنتا ہے، ویسے بھی مشکلات کا سامنا کرنے کے لئے صبر جیسی کوئی چیز نہیں ہے، فرمانِ باری تعالی ہے:

إِنَّمَا يُوَفَّى الصَّابِرُونَ أَجْرَهُمْ بِغَيْرِ حِسَابٍ

الزمر – 10

 یقیناً صبر کرنے والوں کو بے حساب اجر دیا جائے گا۔

چشم پوشی اور در گزر کے سنگ زندگی  میں رنگ  بھرے جا سکتے ہیں، زندگی کو تر و تازگی، مسرت اور خوبصورتی کا لبادہ پہنایا جا سکتا ہے، ان سے معمولی زخم بھی مندمل ہو جاتے ہیں ۔

صرفِ نظر اور در گزر زندگی کے لئے لازمی عناصر ہیں، میاں بیوی کو ان کی خصوصی طور پر ضرورت  ہوتی ہے، لہذا غیر ضروری  یا قابل تاخیر امور سے صرفِ نظر  میاں بیوی دونوں کے لئے بہتر ہے؛ کیونکہ دور حاضر میں بہت سے خاوند عیش  پرستی پر مبنی مطالبات پورے کرتے  کرتے تھک چکے ہیں، پورے حقوق کا مطالبہ  اور کسی ایک حق سے بھی عدم دستبرداری  و صرفِ نظری  کی وجہ سے میاں بیوی کے درمیان نفرت اور بغض جنم لیتا ہے۔

حقیقت میں شادی کی روح باہمی تعاون اور شفقت پر قائم ہوتی ہے، فرمانِ باری تعالی ہے:

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّ مِنْ أَزْوَاجِكُمْ وَأَوْلَادِكُمْ عَدُوًّا لَكُمْ فَاحْذَرُوهُمْ وَإِنْ تَعْفُوا وَتَصْفَحُوا وَتَغْفِرُوا فَإِنَّ اللَّهَ غَفُورٌ رَحِيمٌ

التغابن – 14

 اے ایمان والو! تمہاری بیویوں اور تمہاری اولاد میں سے بعض  تمہارے دشمن ہیں لہذا ان سے ہوشیار رہو  اور اگر تم معاف کرو  اور درگزر کرو اور انہیں بخش دو تو اللہ یقیناً بخشنے والا، رحم کرنے والا ہے۔

 اس آیت میں مذکور عداوت سے مراد نیکی کے کاموں میں رکاوٹ ڈالنا یا ان کے لئے عدمِ تعاون  یا بالکل روک دینا ہے۔

فرمانِ باری تعالی ہے:

خُذِ الْعَفْوَ وَأْمُرْ بِالْعُرْفِ وَأَعْرِضْ عَنِ الْجَاهِلِينَ

الاعراف – 199

 ’’درگزر اختیار کریں اور نیکی کا حکم دیں اور جاہلوں سے کنارہ کش ہو جائیں۔

شادی قائم رکھنے کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ  بیوی  کے اخلاق میں شگفتگی پیدا کرے، اور اس کے لئے شریعت کی روشنی میں جائز امور بروئے کار لائے، فرمانِ باری تعالی ہے:

فَالصَّالِحَاتُ قَانِتَاتٌ حَافِظَاتٌ لِلْغَيْبِ بِمَا حَفِظَ اللَّهُ وَاللَّاتِي تَخَافُونَ نُشُوزَهُنَّ فَعِظُوهُنَّ وَاهْجُرُوهُنَّ فِي الْمَضَاجِعِ وَاضْرِبُوهُنَّ فَإِنْ أَطَعْنَكُمْ فَلَا تَبْغُوا عَلَيْهِنَّ سَبِيلًا

النساء – 34

نیک عورتیں وہ ہیں جو [شوہروں کی] فرمانبردار ہوں اور ان کی عدم موجودگی میں اللہ کی حفاظت و نگرانی میں ان کے حقوق  [مال و آبرو]کی حفاظت کرنے والی ہوں ۔ اور جن بیویوں سے تمہیں سرکشی کا  اندیشہ ہو انہیں سمجھاؤ [اگر نہ سمجھیں]تو خواب گاہوں میں ان سے الگ رہو [پھر بھی نہ سمجھیں تو] انہیں مارو ، پھر اگر وہ تمہاری بات قبول کر لیں تو خواہ مخواہ ان پر زیادتی کے بہانے تلاش نہ کرو ، یقیناً اللہ بلند مرتبہ والا اور بڑی شان والا ہے۔

قاضی اور منصفین کی ذمہ داری ہے کہ ان کے پاس آنے والے میاں بیوی میں جھگڑوں میں صلح صفائی کروائیں، تا کہ باہمی اتفاق قائم ہو اور طلاق کے خدشات زائل ہو جائیں۔

خاوند پر بیوی  کا حق ہے کہ  حسن معاشرت، بیوی کے لئے مناسب رہائش، نان و نفقہ اور لباس  کا انتظام کرے، ہر وقت خیر خواہی چاہے، تکلیف مت دے، اور گزند نہ پہنچائے۔

طلاق کا سبب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ بیوی زبان دراز ، بد اخلاق، اجڈ گنوار ہو، تو ایسی صورت میں بیوی اپنا اخلاق درست کرے، اپنے خاوند  کی فرمانبرداری کرے، اور بچوں کی صحیح تربیت کے لئے خوب محنت کرے، چنانچہ عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا: (جب کوئی عورت پانچوں نمازیں پڑھے، ماہِ رمضان کے روزے رکھے، اپنی شرمگاہ کی حفاظت کرے  اور اپنے خاوند کی اطاعت کرے تو اسے کہا جائے گا: جنت کے من چاہے دروازے سے داخل ہو جاؤ) احمد، یہ حدیث حسن ہے۔

بیوی کی ذمہ داری ہے کہ صحابیات رضی اللہ عنہن کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے خاوند کی خدمت کرے، یہ بہت ہی اچھی بات ہو گی کہ بیوی اپنے خاوند  کے ہر دکھ سکھ کی ساجھی بنے اور اللہ تعالی کی اطاعت کے لئے معاونت کرے۔

ایک حدیث میں ہے کہ : (اللہ تعالی کی ایسے شخص پر لعنت ہے جو کسی کی بیوی کو خاوند کے خلاف یا خاوند کو بیوی کے خلاف بھڑکائے)

بیوی کی ذمہ داری ہے کہ وہ  خاوند کے رشتہ داروں کے حقوق بھی ادا کرے اور خصوصی طور پر ساس سسر کا خیال رکھے، اسی طرح خاوند بیوی کے رشتہ داروں کے حقوق ادا کرے، چنانچہ کئی بار کسی ایک کے رشتہ داروں  کی حق تلفی بھی طلاق کا سبب  بن جاتی ہے۔

طلاق کا یہ بھی سبب ہے کہ : حیا باختہ ڈارمہ سیریل دیکھے جائیں یا فحاشی پھیلانے والی ویب گاہیں دیکھی جائیں۔ خاوند کی اجازت کے بغیر گھر سے نکلنا بھی طلاق کا سبب ہے، چنانچہ بیوی کے لئے خاوند کی اجازت سے ہی باہر جانا  جائز ہے؛ کیونکہ خاوند کو معاملات کا زیادہ علم ہوتا ہے۔

تاہم اگر شادی کا بندھن قائم رکھنا ناممکن ہو جائے تو اللہ تعالی نے طلاق دینا جائز قرار دیا ہے، ایک حدیث میں ہے کہ: (اللہ تعالی کے ہاں ناپسندیدہ ترین حلال چیز طلاق ہے) چنانچہ خاوند مکمل سوچ و بچار کے بعد  اللہ تعالی کے حکم کے مطابق شرعی طلاق دے، فرمانِ باری تعالی ہے:

 يَا أَيُّهَا النَّبِيُّ إِذَا طَلَّقْتُمُ النِّسَاءَ فَطَلِّقُوهُنَّ لِعِدَّتِهِنَّ وَأَحْصُوا الْعِدَّةَ

الطلاق – 1

 اے نبی! جب بیویوں کو طلاق دو تو انہیں عدت کے ایام میں طلاق دو، اور عدت شمار کرو۔

آیت کا مفہوم بیان کرتے ہوئے مفسرین کہتے ہیں کہ: ایسے طہر میں ایک طلاق دے جس میں جماع نہیں کیا، طلاق دینے کے بعد اگر چاہے تو دوران عدت رجوع کر لے، وگرنہ عدت ختم ہونے دے ، جیسے ہی عدت ختم ہو گی زوجیت کا تعلق ختم ہو جائے گا۔

اس طرح سے طلاق دینے پر رجوع اور شادی قائم رہنے کی امید زیادہ ہوتی ہے، اور اگر عدت ختم ہو جائے تو نئے حق مہر کیساتھ نیا نکاح کر سکتا ہے۔

غور کریں کہ شادی کے بندھن کو تحفظ دینے کے لئے شریعت نے کتنی تاکید کی ہے  جبکہ دوسری طرف آج کل طلاق کو اتنا ہی معمولی سمجھ لیا گیا ہے، فرمانِ باری تعالی ہے:

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَتَّبِعُوا خُطُوَاتِ الشَّيْطَانِ وَمَنْ يَتَّبِعْ خُطُوَاتِ الشَّيْطَانِ فَإِنَّهُ يَأْمُرُ بِالْفَحْشَاءِ وَالْمُنْكَرِ

النور – 21

 اے ایمان والو! شیطان کے نقش قدم پر نہ چلو  اور جو شخص شیطان کے قدموں پر چلے گا تو وہ تو بے حیائی  اور برے کاموں کا ہی حکم دے گا۔

اللہ تعالی میرے اور آپ سب کے لئے قرآن کریم کو خیر و برکت والا بنائے، مجھے اور آپ سب کو اس کی آیات سے مستفید ہونے کی توفیق دے، اور ہمیں سید المرسلین  ﷺ کی سیرت و ٹھوس احکامات پر چلنے کی توفیق دے،  میں اپنی بات کو اسی پر ختم کرتے ہوئے اللہ سے اپنے اور تمام مسلمانوں کے گناہوں کی بخشش چاہتا ہوں ۔

دوسرا خطبہ

تمام تعریفیں  اللہ رب العالمین ، رحمن و رحیم کے لئے ہیں ، اسی نے اپنے علم، حکمت اور رحمت  کی روشنی میں احکاماتِ شریعت جاری کیے، وہی پاکیزہ اور عظیم معبود  بر حق ہے، میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ بر حق نہیں وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں ، وہی علم و حکمت والا ہے، میں یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ ہمارے نبی اور سربراہ محمد ﷺ اس کے  بندے  اور برگزیدہ رسول ہیں، یا اللہ! اپنے بندے اور رسول محمد -ﷺ-، انکی  آل  اور شریعت پر قائم تمام صحابہ کرام پر رحمت ، سلامتی اور برکتیں نازل فرما۔

حمد و صلاۃ کے بعد:

تقوی الہی اختیار کرو اور اسلام کے کڑے کو مضبوطی سے تھام لو۔

اللہ کے بندوں!

اللہ تعالی کا فرمان ہے کہ:

وَتَعَاوَنُوا عَلَى الْبِرِّ وَالتَّقْوَى وَلَا تَعَاوَنُوا عَلَى الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ وَاتَّقُوا اللَّهَ إِنَّ اللَّهَ شَدِيدُ الْعِقَابِ

المائدة – 2

نیکی اور تقوی کے کاموں میں باہمی تعاون کرو، گناہ اور زیادتی کے کاموں میں تعاون مت کرو، اور اللہ سے ڈرو، بیشک اللہ تعالی سخت سزا دینے والا ہے۔

مسلمانوں!

کچھ نوجوانوں کی زبانوں پر طلاق کا لفظ اولاد، اقربا، اور کسی بھی دوسرے شخص کے حقوق کا خیال بالا طاق رکھتے ہوئے پانی کی طرح جاری ہے، بسا اوقات مختلف مجالس میں تو کبھی ایک ہی مجلس میں کئی بار طلاق دے دیتا ہے، پھر اس کے بعد فتوے تلاش کرتا ہے، بسا اوقات حیلہ بازی بھی کرتا ہے اور کبھی کسی قسم کی گنجائش نہیں ملتی، اور بلا سود ندامت اٹھانی پڑتی ہے؛ حالانکہ اللہ تعالی کا فرمان ہے:

 وَمَنْ يَتَّقِ اللَّهَ يَجْعَلْ لَهُ مَخْرَجًا (2) وَيَرْزُقْهُ مِنْ حَيْثُ لَا يَحْتَسِبُ

الطلاق – 2/3

 جو بھی اللہ سے ڈرے وہ اس کے لیے راستہ بنا دیتا ہے [2] اور اسے ایسی جگہ سے عطا فرماتا ہے جہاں سے اسے گمان بھی نہیں ہوتا۔

شرعی طور پر طلاق دینے والے کے لئے اللہ تعالی آسانیوں کے راستے کھول دیتا ہے، نیز شادی کے بندھن کی قدر کرنے والے اور اس کی اہانت سے دور رہنے والے کے لئے اللہ تعالی برکتیں ڈال دیتا ہے، چنانچہ وہ اس کے اچھے نتائج سے بہرہ ور ہوتا ہے۔ طلاق کی کچھ اقسام اور صورتیں ایسی بھی ہیں جو کہ بذاتہٖ خود ایک گناہ ہیں، جیسے کہ نبی ﷺ نے ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ سے فرمایا تھا: (ام ایوب کو طلاق دینا گناہ ہے)۔

اللہ کے بندوں!

إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا

الاحزاب – 56

 یقیناً اللہ اور اسکے فرشتے نبی پر درود بھیجتے ہیں، اے ایمان والو! تم بھی ان پر درود و سلام پڑھو۔

اور آپ ﷺ کا فرمان ہے کہ: (جو شخص مجھ پر ایک بار درود پڑھے گا اللہ تعالی اس پر دس رحمتیں نازل فرمائے گا)

اس لئے سید الاولین و الآخرین اور امام المرسلین پر درود  و سلام پڑھو۔

اللهم صلِّ على محمدٍ وعلى آل محمدٍ، كما صلَّيتَ على إبراهيم وعلى آل إبراهيم، إنك حميدٌ مجيد، اللهم بارِك على محمدٍ وعلى آل محمدٍ، كما باركتَ على إبراهيم وعلى آل إبراهيم، إنك حميدٌ مجيد، وسلم تسليما كثيراً۔

یا اللہ ! تمام صحابہ کرام سے راضی ہو جا، یا اللہ! ہدایت یافتہ خلفائے راشدین ابو بکر، عمر، عثمان ، علی اور اپنے نبی کے تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین سے راضی ہو جا،  تابعین کرام اور قیامت تک انکے نقشِ قدم پر چلنے والے تمام لوگوں سے راضی ہو جا، یا اللہ ! انکے ساتھ ساتھ اپنی رحمت و کرم کے صدقے ہم سے بھی راضی ہو جا، یا ارحم الراحمین!

یا اللہ! اسلام اور مسلمانوں کو غالب فرما،  یا اللہ! اسلام اور مسلمانوں کو غالب فرما،  یا اللہ! کفر اور تمام کفار کو ذلیل کر دے ، یا رب العالمین!  یا اللہ! اپنے اور دین دشمن تمام لوگوں کو تباہ و برباد فرما ۔

یا اللہ! ہم تجھ سے بخشش کا سوال کرتے ہیں، یا اللہ! یا ذو الجلال و الاکرام! ہمارے سابقہ ، لاحقہ، خفیہ، اعلانیہ سب گناہ معاف فرما دے، اور جن کے بارے میں تو ہم سے زیادہ جانتا ہے وہ بھی معاف فرما دے، تو ہی ترقی و تنزلی دینے والا، تیرے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں۔

یا اللہ! تمام تر معاملات میں ہمارے لیے مثبت نتائج برآمد فرما، اور ہمیں دنیا و آخرت کی رسوائی سے محفوظ فرما۔

یا اللہ! تیری رحمت کے صدقے ہم تیری نعمتوں کے زوال، فوری پکڑ اور عافیت  کی تبدیلی سے  پناہ چاہتے ہیں، یا ارحم الراحمین!

یا اللہ! اپنی رحمت کے صدقے تمام مؤمن مرد و خواتین  اور مسلمان مرد و خواتین کے معاملات کی باگ دور سنبھال، یا ارحم الراحمین، یا اللہ! تمام مسلمانوں کے دلوں میں الفت ڈال ، اور ناراضی رکھنے والوں کی اصلاح فرما۔

یا اللہ! ہمیں اور سب مسلمانوں کو دین کی سمجھ عطا فرما، یا اللہ! اپنی رحمت کے صدقے ہماری اور تمام مسلمانوں کی توبہ قبول فرما، یا ارحم الراحمین!

یا اللہ! ہمیں ہمارے نفسوں کے شر سے محفوظ فرما، یا اللہ! ہمیں ہمارے نفسوں اور گناہوں کے شر سے محفوظ فرما یا اللہ! ہمیں ہر شریر کے شر سے محفوظ فرما، یا ر ب العالمین!

یا اللہ! ہمیں اور ہماری اولاد کو شیطان ، شیطانی چیلوں اور لشکروں سے محفوظ فرما، یا ذو الجلال والاکرام! یا اللہ!  اپنی رحمت کے صدقے تمام مسلمانوں کو شیطان ، شیطانی چیلوں ، چالوں اور لشکروں سے محفوظ فرما، بیشک تو ہر چیز پر قادر ہے، یا اللہ! اپنی رحمت کے صدقے ہمیں ہر شریر کے شر سے محفوظ فرما،  یا ارحم الراحمین!

یا اللہ! اپنی رحمت کے صدقے ہمارے ملک کی ہمہ قسم کے شر  اور نقصان سے حفاظت فرما، یا اللہ! ہماری سرحدوں کی ہمہ قسم کے شر  اور نقصان سے حفاظت فرما، یا رب العالمین!  یا اللہ! ہمارے فوجیوں کی حفاظت فرما، بیشک تو ہر چیز پر قادر ہے، یا ارحم الراحمین!

یا اللہ! اسلام دشمن قوتوں کی منصوبہ بندیاں غارت فرما، یا رب العالمین! یا اللہ! اسلام دشمن قوتوں کی اسلام کے خلاف کی ہوئی منصوبہ بندیاں غارت فرما، یا رب العالمین! بیشک تو ہر چیز پر قادر ہے۔

یا اللہ! ہمیں ہمارے ملکوں میں امن و امان عطا فرما، اور ہمارے حکمرانوں کی اصلاح فرما۔

یا اللہ! خادم حرمین شریفین کو اپنے پسندیدہ کام کرنے کی توفیق دے، یا اللہ! اُس کی تیری مرضی کے مطابق  رہنمائی  فرما، اور اس کے تمام اعمال اپنی رضا کے لئے قبول فرما، یا اللہ! انہیں صائب رائے اور عمل صالح عطا فرما، یا اللہ! انہیں صحت و عافیت عطا فرما، بیشک تو ہر چیز پر قادر ہے، یا ذو الجلال و الاکرام! یا اللہ! ان کے دونوں نائبوں کو اسلام اور عالم اسلام کیلئے بہتر امور سر انجام دینے کی توفیق عطا فرما، یا ارحم الراحمین!۔

یا اللہ!  ہم  سود، زنا، زلزلوں، آزمائشوں، ظاہری و باطنی ہمہ قسم کے برے فتنوں سے تیری پناہ چاہتے ہیں۔

یا اللہ! تیری رحمت کے صدقے ہم تجھ سے جنت اور اس کے قریب کرنے والے ہر قول و فعل کا سوال کرتے ہیں، نیز جہنم اور اس کے قریب کرنے والے ہر قول و فعل سے تیری پناہ چاہتے ہیں، یا ارحم الراحمین!

یا اللہ! تمام مسلمان فوت شدگان  کی بخشش فرما، یا ذو الجلال و الاکرام!

یا اللہ! یا ذو الجلال و الاکرام! ملک شام میں  مسلمانوں پر رحم فرما، عراق میں مسلمانوں پر رحم فرما، یا اللہ! تمام مسلمانوں کے دلوں میں الفت ڈال دے، یا اللہ! ہم تجھ سے دعا کرتے ہیں کہ اپنی رحمت کے  صدقے فتنۂِ یمن  جلد از جلد  ختم فرما، اور انجام کار اسلام ، مسلمانوں  اور ملک  و قوم کے لئے بہتر بنا، یا رب العالمین!

یا اللہ! تمام مسلمانوں کو کلمۂِ حق پر متحد فرما، یا ذو الجلال وا لاکرام!

یا اللہ! ہمیں بارش عطا فرما، یا اللہ! ہمیں مفید اور نقصان سے خالی بارش عطا فرما، یا ارحم الراحمین! ہمارے پروردگار! ہمیں دنیا و آخرت میں بھائی عطا فرما، اور ہمیں آخرت کے عذاب سے محفوظ فرما۔

اللہ کے بندوں!

إِنَّ اللَّهَ يَأْمُرُ بِالْعَدْلِ وَالْإِحْسَانِ وَإِيتَاءِ ذِي الْقُرْبَى وَيَنْهَى عَنِ الْفَحْشَاءِ وَالْمُنْكَرِ وَالْبَغْيِ يَعِظُكُمْ لَعَلَّكُمْ تَذَكَّرُونَ (90) وَأَوْفُوا بِعَهْدِ اللَّهِ إِذَا عَاهَدْتُمْ وَلَا تَنْقُضُوا الْأَيْمَانَ بَعْدَ تَوْكِيدِهَا وَقَدْ جَعَلْتُمُ اللَّهَ عَلَيْكُمْ كَفِيلًا إِنَّ اللَّهَ يَعْلَمُ مَا تَفْعَلُونَ

النحل – 90/91

 اللہ تعالی تمہیں عدل و احسان اور قریبی رشتہ داروں کو (مال) دینے کا حکم دیتا ہے، اور تمہیں فحاشی، برائی، اور سرکشی سے روکتا ہے ، اللہ تعالی تمہیں وعظ کرتا ہے تاکہ تم نصیحت پکڑو۔ اور اللہ تعالی سے کئے وعدوں کو پورا کرو، اور اللہ تعالی کو ضامن بنا کر اپنی قسموں کو مت توڑو، اللہ تعالی کو تمہارے اعمال کا بخوبی علم ہے۔

اللہ عز  و جل کا تم ذکر کرو وہ تمہیں کبھی نہیں بھولے گا، اسکی نعمتوں پر شکر ادا کرو وہ تمہیں اور زیادہ عنایت کرے گا، اللہ کا ذکر بہت بڑی عبادت ہے، اور اللہ جانتا ہے جو تم کرتے ہو۔

مصنف/ مقرر کے بارے میں

Islamfort1